کاروار19/جولائی (ایس او نیوز) ساحلی کرناٹکا میں گذشتہ 48 گھنٹوں سے ہورہی موسلادھار بارش کے نتیجے میں کئی علاقوں میں عوامی زندگی درہم برہم ہوگئی، جبکہ کئی علاقوں میں راستوں پر گھنے درختوں کے گرنے سے ٹریفک نظام متاثر ہوا؛ کئی علاقوں میں مکانوں پر درخت گرنے کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ، جبکہ ضلع اُترکنڑا کے جوئیڈا اور رام نگر میں زبردست بارش کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جس کے نتیجے میں علاقہ سے گذرنے والی پانڈو ندی میں طغیانی آجانے کے بعد پُل ندی میں ڈوب گیا ہے جس سے ایک دیہات سے رابطہ منقظع ہوگیا ہے۔
آج بدھ کو صبح سے جاری بارش کے بعدچاندے واڑی دیہات کے بچے اسکول تو پہنچ گئے، مگر جب اسکول میں چھٹی ہونے کے بعد واپس گھر جانے کی باری آئی تو راستہ بند تھا، پل کے اوپر سے پانی گذرنے کی وجہ سے بچے ندی کے ایک طرف پھنس کر رہ گئے، مگر بعد میں مقامی لوگوں نے پلاسٹک کشتیوں پر سوار کرکے بچوں کو دوسرے کنارے تک پہنچاتے ہوئے اُن کی مدد کی۔ بتایا گیا ہے کہ چاندے واڑی دیہات کا پُل کے ندی میں ڈوب جانے سے پچاس سے زائد بچے بری طرح پھنس گئے اور گھر جانے میں دشواری پیش آئی۔
ضلع اُترکنڑا کے کاروار، کمٹہ، انکولہ، ہوناور، بھٹکل سمیت پڑوسی ضلع اُڈپی اور مینگلور میں بھی موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے عام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے۔ بارش سے یلاپور میں بجلی کی لائن کٹ ہوکر گرنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں تو وہیں متعدد جگہوں پر راستوں پر درختوں کے گرنے سے سواریوں کی چہل پہل متاثر ہوئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے اگلے 24 گھنٹوں تک مزید بارش ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
ضلع اُترکنڑا میں بارش کی پیمائش کچھ اس طرح ریکارڈ کی گئی ہے۔
